1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سفر و سیاحتجرمنی

جرمنی اور پولینڈ کو جوڑنے والی’کلچر ٹرین‘

13 جنوری 2023

برلن سے روکلاؤ تک یہ ٹرین سروس نقل و حمل کے ذرائع سے کچھ بڑھ کر ہی ہے۔ یہ ایک جامع ثقافتی پروگرام بھی پیش کرتی ہے۔

https://p.dw.com/p/4MA4u
Deutsch-polnischer Kulturzug
تصویر: Ksenia Les

جرمن دارالحکومت برلن اور پولینڈ کے جنوب مغربی شہر روکلاؤ کے درمیان یہ 'کلچر ٹرین‘  2016 ء سے چل رہی ہے۔ دریائے اشپرے اور اوڈر پر قائم ان دو شہروں کے درمیان اس کا سفر ساڑھے چار گھنٹے پر محیط ہوتا ہے۔ دوران سفر مسافر مصنفین، موسیقاروں اور تخلیقی فنکاروں سے ملاقات کر سکتے ہیں اور ٹرین کے اندر موجود ایک لائبریری اور ایک مستقل نمائش سے بھی مستفید ہو سکتے ہیں۔

یہ منصوبہ اصل میں چھ ماہ کی مدت کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا، لیکن یہ اتنا کامیاب رہا کہ اسے پھر بند نہیں کیا گیا۔

وارساء اور برلن کا باہمی تعاون

 روکلاؤ کے سابق میئر رفال ڈوٹکیوچ کا کہنا ہے کہ 'کلچر ٹرین‘ کے اس انوکھے خیال کے پیچھے متحرک قوتوں میں سے ایک وہ خود بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد ثقافت کے شعبے میں جرمن دارالحکومت برلن اور ریاست برانڈنبرگ کے ساتھ پولینڈ کے تعاون کو فروغ دینا اور دونوں شہروں کے درمیان اُس ٹرین لنک کو بحال کرنا تھا جو دو سال پہلے منقطع ہو گیا تھا۔‘‘ روکلاؤ کے سابق میئر نے مزید بتایا کہ جرمنی کی طرف سے کچھ نوجوان تخلیقی لوگوں کے ایک گروپ نے اس خیال کو عملی جامہ پہنانے اور اس کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔’آنے فرانک کے نام پر ٹرین کا نام، یہودی قتل عام کی یاد تازہ‘

 

پہلے سفر کی ٹکٹیں بک چُکیں

2016 ء اپریل کی 30 تاریخ کو جب برلن کے ٹرین اسٹیشن لشٹنبرگ سے یہ ٹرین پہلی بار روانہ ہوئی تھی تو میڈیا سے منسلک اس جرمن نوجوانوں کی ایک مشہور ٹیم '' اشپاٹس‘‘  اس پر سوار تھی اور اس کے تمام اراکین ٹرین کی اس اپنی نوعیت کی پہلی سواری کا تجربہ کرنے کے لیے بالکل دم سادھے بیٹھے تھے۔ شروع میں اس امر کا خطرہ تھا کہ ٹرین کے اس لمبے سفر میں شاید کم لوگ دلچسپی لیں تاہم حقیقت اس کے بالکل برعکس نکلی۔ اس ٹرین میں ابتدائی طور پر 420 سیٹیں تھیں تاہم دو ہفتے کے اندر اندر اس کی تمام سیٹیں بُک ہو چُکی تھیں۔

Deutsch-polnischer Kulturzug
ٹرین میں ابتدائی طور پر 420 سیٹیں تھیںتصویر: Normen Schoene

ٹرین کے سفر کے دوران مسافروں کے لیے کوئز اور ایک موبائل لائبریری کا بندوبست کیا گیا۔ مسافروں سے سادہ سوالات پوچھے جاتے تاکہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ مکالمت کریں۔ لائبریری کی کتابوں سے استفادہ کریں وغیرہ۔ منتظمین کے لیے یہ ایک چیلنج تھا کہ وہ ایسے ثقافتی پروگرام تیار کریں جس کا دائرہ بہت وسیع ہو اور وہ مختلف ثقافتوں اور معاشروں سے تعلق رکھنے والے مسافروں کی دلچسپی کا باعث ہو۔ تاہم انہوں نے کامیابی کے ساتھ اس پروگرام کو ترتیب دیا۔

تھیٹر، ڈسکو، موسیقی اور ادب

برلن اور پولینڈ کے شہر روکلاؤ کے درمیان اس 'کلچر ٹرین‘ پر سفر کرنے والے مسافروں کے لیے تھیئٹر، ڈسکو، موسیقی اور ادب، سب ہی کچھ دستیاب ہے۔ برلن سے تعلق رکھنے والی اور پیدائشی طور پر ایک پولش مصنفہ  ڈوروٹا دانیلیوچ اس ٹرین کے اندر کے ماحول کو انتہائی روشن خیال ماحول سمجھتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں، ''اس میں لوگ اپنے تجربات شیئر کرتے ہیں، اور نئے نئے دوست بنتے ہیں اور جان پہچان کے لوگوں سے ان کا واسطہ پڑتا ہے۔‘‘ یہ مصنفہ تقریباً اس ٹرین کی باقاعدہ مسافر ہیں۔ اسی ٹرین میں انہوں نے اپنی کتاب ''سرچ آف دی سول آف برلن‘‘ اور ''دا وائٹ سونگ‘‘ پیش کی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس ٹرین کا سفر اس قدر خوشگوار ہے کہ وہ اس لیے بھی اتنا زیادہ سفر کرتی ہیں اور انہوں نے پولینڈ کے شہر روکلاؤ کی کرسمس مارکیٹ کا دورہ بھی اسی ٹرین کے ذریعے کیا تھا۔

Dorota Danielewicz - aus Polen stammende Berliner Schriftstellerin
پولش مصنفہ ڈوروٹا دانیلیوچ ٹرین کے اندر کے ماحول سے بے حد متاثر ہیںتصویر: Privat

 ٹرین کا مستقبل محفوظ

اس انوکھی کشش والی کلچر ٹرین کے مستقبل کے لیے فنڈنگ محفوظ ہے۔ اس کے سفر کے آغاز سے اب تک 80 ہزار سے زیادہ مسافر اب تک اس کا سفر کر چُکے ہیں۔ 2022 ء میں مارچ اور اپریل کے درمیان یہ ٹرین چھ ہزار یوکرینی مہاجروں کو بھی جرمنی لے کر آئی تھی۔ کچھ عرصہ پہلے تک، اس منصوبے کو برلن میں جرمن پولش سوسائٹی نے سپانسر کیا تھا، جس کے اخراجات برلن اور برانڈن برگ کی ریاستیں برداشت کر رہی تھیں۔ یہ ایک عارضی انتظام تھا جو 2021ء  سے ریاست برلن پر حکومت کرنے والی مخلوط حکومت کے ساتھ ختم ہوا۔ بعدازاں کلچر ٹرین کے لیے فنڈنگ اتحادی معاہدے کا حصہ بن گئی۔ سرکاری کمپنی Kulturprojekte Berlin اکتوبر 2022 ء سے اس منصوبے کو سپانسر کر رہی ہے۔

 نئے سال کی شبینہ ٹرین کی سواری کے بعد یہ تین ماہ کے وقفے کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ یعنی 2023 ء اپریل میں ٹرین کے دوبارہ شروع ہوجائے گی۔ وہ بھی پولینڈ کے ایک انتہائی خوبصورت شہربولیسلاویک میں ایک اسٹاپ کے اضافے کے ساتھ ۔ یہ شہر اپنے گہرے نیلے مٹی کے برتنوں کے لیے مشہور ہے۔  مسافر برلن سے Wroclaw تک، ثقافتی پروگرام کے ساتھ اس ٹرین میں 19 یورو کے ٹکٹ کیساتھ سفر کر سکتے ہیں۔

جرمنی سے پولینڈ جانے والی ثقافتی ٹرین کیوں ہے اتنی مقبول

 

بیٹینا مارکس (ک م/ا ب ا)