1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سمارٹ گھڑیاں پہننے میں قباحت کیا ہے؟

25 مئی 2018

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کھیل کے دوران کھلاڑیوں کے سمارٹ واچز پہننے کو ممنوع قرار دے دیا ہے۔ لارڈز ٹیسٹ کے پہلے دن کم از کم دو پاکستانی کھلاڑی فیلڈنگ کے دوران یہ سمارٹ گھڑیاں پہنے ہوئے تھے۔

https://p.dw.com/p/2yJkw
Hassan Ali Cricket
تصویر: Getty Images/F.Nel

کرکٹ کے بین الاقوامی منتظم ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جمعے کے دن کھلاڑیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کھیل کے دوران سمارٹ گھڑیاں نہ پہنیں تاکہ میچ فکسنگ کے کسی الزام سے بچا جا سکے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق لارڈز ٹیسٹ کے پہلے دن بروز جمعرات کم ازکم دو پاکستانی کھلاڑیوں نے فیلڈ کے دوران سمارٹ گھڑیاں پہنی ہوئی تھیں، جس پر آئی سی سی کے انسداد بدعنوانی کے ایک اہلکار نے ردعمل بھی ظاہر کیا تھا۔

فکسنگ ثابت، شرجیل خان پر پانچ سالہ پابندی عائد

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز، بدعنوانی کے خطرات

میچ فکسنگ، ’پی سی بی کا دوہرا معیار‘

اس پیشرفت پر آئی سی سی نے جمعے کے دن مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا، ’’میچ آفیشل ایریا اور کھلاڑیوں کا ایسے آلات استعمال کرنا ممنوع ہیں، جن سے کمیونیکیشن ممکن ہو سکتی ہے۔ کسی کھلاڑی کو بھی کھیل کے دوران ایسے آلات استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے، جو انٹر نیٹ سے جڑے ہوئے ہوں یا ان سے کمیونیکشن ممکن ہو سکے۔‘‘

آئی سی سی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو گراؤنڈ میں آتے ہی سمارٹ واچز اور انٹر نیٹ سے منسلک دیگر ایسے آلات کو اپنے ساتھ نہیں رکھنا چاہیے، جن سے کمیونکیشن ممکن ہو سکتی ہے۔

پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی نے تصدیق کی ہے کہ آئی سی سی کے ایک اہلکار نے انہیں مطلع کر دیا ہے کہ وہ کھیل کے دوران ان آلات کا استعمال نہ کریں تاہم وہ یہ نہیں جانتے تھے کہ کن پاکستانی کھلاڑیوں نے فیلڈنگ کے دوران سمارٹ گھڑیاں پہن رکھی تھیں۔

کھیل کے دوران ایسی آلات صرف میچ آفیشل ہی استعمال کر سکتے ہیں کیونکہ انہوں نے آپس میں رابطہ کاری کرنا ہوتی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ کچھ سالوں سے کرکٹ میں میچ فکسنک کے متعدد اسکنڈلز کی وجہ سے آئی سی سی کے اہلکار چوکنا ہیں۔

دوسری طرف لارڈز ٹیسٹ کے پہلے دن پاکستانی بولروں کی شاندار کارکردگی کی وجہ انگلش ٹیم مشکلات میں گھر گئی ہے۔ حسن علی اور محمد عباس نے چار چار وکٹیں لر کے انگلش بلے بازوں کو 184 کے مجموعی اسکور پر ہی ڈھیر کر دیا تھا۔

اب دوسرے دن کے پہلے سیشن تک پاکستانی بلے بازوں نے چھیاسی اسکور بنا لیے ہیں جبکہ اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوا ہے۔ دوسرے دن کے پہلے گھنٹے کے اختتام تک اظہر علی اور اسد شفیق بالترتیب بیالیس اور دو رنز پر کھیل رہے تھے۔

ع ب / ع ح / خبر رساں ادارے