1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں دہشت گردی کے بڑھتے خطرات

عبدالستار، اسلام آباد
28 جنوری 2022

پاکستان میں دہشت گردانہ حملے دوبارہ بڑھنے سے امن و امن سے متعلق عوامی خدشات بڑھ گئے ہے۔ ایسی بحث بھی چھڑ گئی ہے کہ آیا مستقبل میں ایسے دہشت گردانہ حملوں میں اضافہ ہو جائے گا۔

https://p.dw.com/p/46Enx
Pakistan l Tatort des Selbstmordattentats an Kontrollpunkt bei Quetta
تصویر: Arshad Butt/AP/picture alliance

ان خدشات کو مزید تقویت پہنچائی وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے اس بیان نے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ آنے والے دو مہینوں میں اس طرح کی کارروائیاں بڑھ سکتی ہیں۔ دہشت گردی کی حالیہ لہر کے دوران خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردانہ حملے ہوئے ہیں۔

لاہور بم دھماکے نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

کیچ کے حملے کو خصوصی طور پر سکیورٹی ماہرین بہت اہم قرار دیتے ہیں کیونکہ یہ اس سال بلوچستان میں ہونے والا سب سے بڑا حملہ ہے۔ اس میں دس پاکستانی سپاہی ہلاک ہوئے ہیں۔

Videostill | Pakistan's Taliban gamble
حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے بعد پاکستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہےتصویر: DW


اسٹریٹیجک مفادات اور حملے


 کچھ مبصرین کے خیال میں بلوچستان میں ہونے والی کارروائیوں کا بڑا گہرا تعلق پاکستان کے اسٹریٹجک مفادات سے ہے اور یہ  کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر اس بات کا امکان ہے کہ بلوچستان میں حملے بڑھیں گے۔ دفاعی تجزیہ نگار میجر جنرل ریٹائرڈ اعجاز اعوان نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، "بلوچستان میں پاکستان کے سٹریٹیجک مفادات چین کے ساتھ بہت قریب تر ہوتے جا رہے ہیں، اس لئے کچھ قوتیں چاہتی ہیں کہ ان کو نقصان پہنچایا جائے۔"

ٹی ٹی پی نے سابق ترجمان کی ہلاکت کی تصدیق کر دی
میجر جنرل ریٹائرڈ اعوان کے مطابق بلوچستان کا مسئلہ صرف یہ نہیں ہے کہ وہاں چند لوگ ناراض ہیں، "جنہوں نے ہتھیار اٹھائے ہیں، وہ پاکستان کو توڑ نہیں سکتے، ان کو بڑے پیمانے پر بلوچستان کی عوام کی حمایت بھی حاصل نہیں ہے، کچھ قوتوں کے اشارے پر چین اور پاکستان کے اسٹریٹجک مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوں گے۔"

اشرف غنی کی باقیات


 کراچی یونیورسٹی کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کی سابق سربراہ ڈاکٹر طلعت اے وزا رت کا کہنا ہے افغانستان میں ابھی بھی سابقہ افغان حکومت کی باقیات اور ہمدرد موجود ہیں جو ممکنہ طور پر دہشت گردی کی حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، "افغان طالبان نے کہا ہے کہ وہ ٹی ٹی پی اور دہشت گردانہ عناصر کو پاکستان کے خلاف کارروائی کرنے سے روکیں گے لیکن ایسا لگتا ہے کہ ان کا افغانستان پر مکمل کنٹرول نہیں ہے کیونکہ سابق افغان حکومت کے عناصر اب بھی وہاں موجود ہیں جو پاکستان کے خلاف کارروائی کرنا چاہتے ہیں، طالبان اور پاکستان کے درمیان تعلقات خراب کرنا چاہتے ہیں۔"

Afghanistan I Die Führung der Taliban
پاکستان میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ افغان طالبان ٹی ٹی پی کو روکنے میں ناکام ہو گئے ہیںتصویر: Sefa Karacan/AA/picture alliance


افغان طالبان ٹی ٹی پی کو کنڑول نہیں کر پائے


پشاور سے تعلق رکھنے والے تجزیہ نگار مختار باچا کا کہنا ہے کہ دہشت گردانہ حملے اس وجہ سے بھی بڑھ گئے ہیں کہ افغان طالبان پاکستانی طالبان کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں اور انہوں نے ڈیورنڈ لائن کے حوالے سے بھی سخت موقف اپنایا ہوا ہے۔ مختار باچا نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، "ممکنہ طور پر حملوں میں اضافے کی ایک وجہ تو یہ ہو سکتی ہے کہ ٹی ٹی پی والوں نے جنگ بندی کی ہوئی تھی، جس کو انہوں نے ختم کر دیا ہے، حال ہی میں ان کا ایک اہم کمانڈر بھی مارا گیا ہے، جس کا وہ بالکل بدلہ لیں گے اس کے علاوہ افغان طالبان ٹی ٹی پی کو روکنے میں ناکام ہو گئے ہیں۔"

کیا ٹی ٹی پی ایک مرتبہ پھر متحرک ہو رہی ہے؟


صورت حال ماضی جیسی نہیں ہو سکتی


کئی مبصرین تو اس خوف میں بھی مبتلا ہیں کہ کہیں صورتحال ماضی جیسی نہ ہو جائے جب ٹی ٹی پی پاکستان کے مختلف علاقوں پر حملے کر رہی تھی۔ میجر جنرل ریٹائرڈ اعجازاعوان کا خیال ہے کہ صورت حال ماضی جیسی کبھی نہیں ہو سکتی۔

Washington | Präsident Ashraf Ghani
ایسا خیال کیا جاتا ہے سابق افغان حکومت کے عناصر اب بھی موجود ہیں جو پاکستان کے خلاف کارروائی کرنا چاہتے ہیں تصویر: Alex Brandon/AP/picture alliance

میجر جنرل ریٹائرڈ  اعجاز اعوان کے بقول ٹی ٹی پی خود اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے اس کی فنڈنگ ختم ہو چکی ہے اس کے پاس کوئی علاقہ آپریشنل سرگرمیوں کے لیے نہیں ہے، " وہ ایک گوریلا جنگ لڑ رہے ہیں جس میں ایک بندہ بھی کسی دہشت گردانہ حملے کے لیے کافی ہوتا ہے، اس لیے اس کو ختم کرنے میں ٹائم لگے گا لیکن صورتحال یقینا ایسی نہیں ہوگی کہ ٹی ٹی پی پھر بڑے پیمانے پر ملک کے طول و عرض پر حملے کرے۔"


باڑ مکمل کی جائے


ڈاکٹر طلعت اے وزارت کے مطابق اس کا سدباب کرنے کے لیے پاکستان کو فوری طور پر باڑ لگانے کا عمل مکمل کرنا چاہیے،"اس سے دہشت گردی کی روک تھام بھی ہو گی اور افغان طالبان کو فائدہ بھی ہو گا، کوئی افغانستان سے پاکستان میں داخل ہو کر دہشت گردانہ کارروائی نہیں کر سکے گا۔"